حیدرآباد13اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)’ ’شعبہ اسلامک اسٹڈیز ، اردو یونیورسٹی میں کوئز مقابلے کا انعقاد عمل میں ٓایا، شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے ایم اے ، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ نے جوش وخروش سے مقابلہ میں شرکت کی اور ٹیم رازی ( قائد،عبد الرشید) ٹیم ابن سینا (قائد، صالح امین)ٹیم البیرونی (قائد،عبد الرقیب ) ،ٹیم فارابی (قائد، محمد عامر) اورٹیم زہراوی( قائد، محمد خالد) کے نام سے پانچ ٹیموں نے حصہ لیا ۔ مقابلے میں جملہ پانچ راونڈ تھے، کوئز کے لئے ڈھائی سو سے زائد سوالات تیار کئے گئے اور ان کو مرحلہ وار تقسیم کیا گیا۔پہلا مرحلہ عام معلومات پر مبنی تھاجس میں تمام ٹیمیں شامل تھیں۔ دوسرے مرحلہ میں اسلامی علوم ، تیسرے میں تاریخ تہذیب وثقافت اسلامیہ ، چوتھے اور پانچویں راونڈ میں اسلامک اسٹڈیز سے متعلق موضوعات شامل تھے۔ پہلا مرحلہ عمومی تھا، دوسرا مرحلہ پاس آن (Pass on Round)، تیسر ابونس راؤنڈ (Bonus Round)، چوتھا بزر راؤنڈ(Buzzer Round) اور پانچواں (Rapid Fire) تھا ،جس میں ایک منٹ میں آٹھ سوالات کے جوابات دینے تھے، اس انتہائی دلچسپ مقابلے میں ٹیم رازی، ٹیم فارابی اور ٹیم ابن سینا نے بالترتیب اول دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی۔ڈاکٹر محمد فہیم اختر( صدر شعبہ) نے تمام طلبہ کو مبارکباد دی اور واضح کیا کہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی میں یہ علمی مقابلے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اور مستقبل میں مسابقتی امتحانات کی کامیابی میں معاون ہوتے ہیں۔پروگرام کا آغازرخسانہ بیگم (ایم اے سال اول)کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا، ابو الکلام (ایم اے سال دوم) نے نعت پیش کی، مولانا سراج الدین (اسسٹنٹ پروفیسر )اور محترمہ ذیشان سارہ (استاذ شعبہ )نے حکم کے فرائض انجام دیے۔نظامت کی ذمہ داری محترمہ سیدہ آمنہ نے انجام دی۔